فرانس میں محب وطن پاکستانیوں نے کثیر عطیات دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ واقعی دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کے دل اپنے پاکستانیوں کے لئے کتنے دھڑکتے ہیں۔
لندن : آفریدی نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا
2010-07-17 05:58:02
: تاریخ اشاعت
آسٹریلیا کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں شکست پر بہت مایوسی ہوئی۔ آفریدی
لندن : پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔لارڈز ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں ایک سو پچاس رنز سے شکست کے بعد شاہد آفریدی نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔ چار سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کرنے والے آفریدی کا کہنا ہے کہ طویل دورانیے کی کرکٹ ان کے مزاج کے برخلاف ہے اس لئے وہ پانچ روزہ کرکٹ کو خیر باد کہہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ہیڈنگلے میں ہونے والا دوسرا میچ ان کے کیرئیر کا آخری ٹیسٹ ہوگا۔ ایک سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ سائیڈ اسٹرین انجری سے مکمل طور پر نجات حاصل نہیں کرسکے اور ٹیسٹ کرکٹ میں خود کو پر سکون محسوس نہیں کر رہے۔ قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ انہیں آسٹریلیا کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں شکست پر بہت مایوسی ہوئی ہے۔ کپتان کو دیگر کھلاڑیوں کے لئے مثال ہونا چاہئے جس میں وہ ناکام رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سلمان بٹ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اگر ایک دو بڑی شراکت مل جاتی تو نتیجہ کچھ اور ہوتا۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ٹیم کو یونس خان سمیت دیگر سینئر کھلاڑیوں کی ضرورت ہے۔ شاہد آفریدی نے لارڈز ٹیسٹ میں مجموعی طور پر تینتیس رنز اسکور کیے اور صرف ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔ دوسری جانب چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی نے انہیں باضابطہ طور پر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ سے آگاہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ آل راونڈر سے بات کرنے کے بعد ہی انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچز کے لئے کپتانی کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔