فرانس میں محب وطن پاکستانیوں نے کثیر عطیات دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ واقعی دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کے دل اپنے پاکستانیوں کے لئے کتنے دھڑکتے ہیں۔
خیبرپختونخواہ : آبی ریلہ، 49 افراد جاں بحق
2010-07-29 07:22:17
: تاریخ اشاعت
پشاور میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث بڑے نقصان کا خدشہ ہے۔ ذرائع
پشاور : خیبر پختون خواہ میں بارش اور ندی نالوں میں طغیانی نے تباہی مچا دی۔ حادثات میں دو سیکورٹی اہلکاروں سمیت انچاس افراد جاں بحق ہوگئے۔ پشاور میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث بڑے نقصان کا خدشہ ہے۔ سوات میں آبی ریلے میں بہہ کر بچے سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ شانگلہ کے علاقے داموڑئی، شاہ پور خوڑ اور ڈھیرئی میں مختلف حادثات کے دوران خاتون سمیت سترہ افراد ہلاک اور دو لاپتہ ہوگئے۔
دیر لوئر میں رابطہ پل متاثر ہونے سے تیمر گرہ پشاور روڈ بند ہوگیا۔ تیمر گرہ بازار میں برساتی نالے میں طغیانی کے باعث پانی دکانوں میں داخل ہوگیا۔ دیر بالا میں بچی سمیت تین افراد ڈوب کر کر ہلاک ہوگئے۔ پن چکی، درجن سے زائد مویشی اور ٹیوب ویل سیلاب میں بہہ گئے۔ تخت بھائی میں مدرسے کی چھت گرنے سے ایک طالب علم جاں بحق اور دس زخمی ہوگئے۔
مانسہرہ میں لینڈ سلائڈنگ سے شاہراہ قراقرام بند ہوگئی۔ داسو میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔ کوہستان کا ملک کے دیگر حصوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ ٹانک میں متعدد مکانات منہدم اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ لکی مروت میں دریاں میں طغیانی سے کئی دیہات زیر آب آگئے۔ زیر تعمیر پل تعمیراتی سامان سمیت بہہ گیا۔ ادھر دریائے گمبیلا سے ایک شخص کی لاش ملی ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں مکان کی چھت گرنے سے ایک بچی جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے۔ آبی ریلے میں دو افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے شدید بارش کے باعث دریائے سندھ کے کنارے آباد متعدد دیہات زیر آب آگئے۔ جنوبی وزیرستان میں آسمانی بجلی گرنے سے دو سیکورٹی اہلکار جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ کرک میں چھت گرنے سے دو بچے ہلاک ہوگئے۔ خدہ بانڈہ میں سیلاب میں بہہ کر طالب علم ہلاک ہوگیا۔
پشاور میں ناصر باغ، متھرا، ورسک، شاہی بالا اور تاج آباد میں سیلاب آگیا۔ قادر آباد میں مکان کی چھت منہدم ہونے سے تین اور بڈھ بیر میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ دریائے خیالی میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث بڑے نقصان کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب گلگت بلتستان میں استور کے مقام پر دریائے بڑے پانی کے پل کا رسہ ٹوٹ گیا جس سے دو افراد ڈوب گئے۔ پل ٹوٹنے سے استور اور اسکردو کے درمیان ٹریفک معطل ہوگیا ہے۔